سری نگر10 ستمبر(یو این آئی) جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ جو لوگ آج پھرسے مذہب کا استعمال کرکے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ووٹ مانگنے نکلے ہیں اُن سے جموں وکشمیر کے عوام کو ہوشیا ررہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم گذشتہ10سال پر نظر ڈالیں تو یہاں ہر ایک مذہب کے لوگ پریشان ہیں، ہر مذہب کے نوجوان بے روزگار ہیں، ہر مذہب کے صارفین کا راشن کم کیا گیا اور اب وقت آگیا ہے کہ اس جماعت سے حساب مانگا جائے جو گذشتہ10سال سے یہاں براہ راست حکومت کررہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج کشتواڑ اور پاڈر میں متعدد چناﺅی جلسوں سے خطاب کے دوران کیا۔عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”گذشتہ10سال سے یہاں بھاجپا کی براہ راست حکمرانی چل رہی ہے، 2014کے بعد بی جے پی نے پی ڈی پی کیساتھ ہاتھ ملایا، جیسے ہی وہ حکومت ٹوٹی تو ہاں راج بھون سے حکمرانی شروع ہوئی اور براہ راست ایل جی کے ذریعے بی جے پی حکومت قائم رہی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں جموں وکشمیر کے عوام کو بی جے پی سے سوال کرنا چاہئے کہ پچھلے 10سال میں آپ کی ڈبل انجن سرکار نے یہاں کیا بہتری لائی؟ ۔
کشتواڑ کے عوام کا ان 10برسوں میں سوائے مایوسی اور پریشانیوں کے کیا ملا؟ آج یہاں 4بڑے بجلی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے، ان پروجیکٹوں کا یہاں کے عوام کو کتنا فائدہ پہنچ رہاہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت آئی تو ان دریاﺅں، ان پہاڑوں اور ان جنگلات پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہوگا، ہم بجلی فیس سے راحت کیلئے ہر صارف کو 200یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے، مہنگائی سے مقابلہ کیلئے معیشی طور پسماندہ کنبوں کو سالانہ 12گیس سلینڈر فراہم کریں گے، مفت راشن کا کوٹا 10کلو تک بڑھا دیںگے اور راشن گھاٹوں سے چینی اور مٹی کے تیل کی سپلائی دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ کا ووٹ آپ کے پاس قیمتی امانت ہے، اس ووٹ سے بہت کچھ بدلا جاسکتا ہے، آپ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کیجئے اور اپنے بہتر مستقبل اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے ایک بہترین اور صحیح نمائندہ چُنئے، اور نیشنل کانفرنس اُمیدوار سجاد کچلو سے بہتر آپ کیلئے کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔