لکھنؤ:(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفی دینےو الے سوامی پرساد موریہ کے نئی پارٹی کی تشکیل کی چہ میگوئیوں کے درمیان سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے طنز کستے ہوئے کہا کہ فائدہ لینا کچھ لوگوں کی فطرت ہوتی ہے۔
یادو نے پیر کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں سوامی پرساد موریہ کے نئے پارٹی تشکیل کے سوال پر کہا’کوئی کسی کے من کی بات کو نہیں جان سکتا اور کسی کے من میں کیا ہے کون سے مشین بتائے گی فائدہ لے کر تو سب چلے جاتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پارٹی میں ان کے خیالات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے موریہ کے ذریعہ مبینہ طور سے پسماندہ سماج پارٹی کے نام سے ایک دعوت نامہ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے۔
اکھلیش یادو کے طنز پر تبصرہ کرتے ہوئے موریہ نے ایک بیان جاری کرکہا کہ ایس پی کی حکومت نہ تو مرکز میں ہے اور نہ ہی اترپردیش میں ہے۔ اس لئے فائدہ دینے کا الزام سراسر بے بنیاد ہے۔ حقیقت میں ایس پی کے پاس انہیں کچھ دینے کی حیثیت نہیں ہے اور انہوں نے جو بھی دیا ہے وہ اسے احترام کے ساتھ واپس کردیں گے۔ ان کے لئے عہدہ نہیں بلکہ نظریہ معنی رکھتا ہے۔یادو کی کہی ہوئی باتوں کے لئے وہ انہیں مبارک باد دیتے ہیں۔