ٹورینٹو(ایجنسیاں): جاپانی وزیر اعظم فیومو کیشیدا وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے بات چیت کے لیے جمعرات کو کینیڈا کے دورےپر ہیں۔ کیشیدا ممتاز صنعتی ملکوں کے گروپ آف سیون، یا G-7 کے دورے پر ہیں کیونکہ جاپان گروپ کی گردشی صدارت سنبھال رہا ہے۔ٹروڈو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا دونوں رہنما گروپ سیون کی صدارت کے لے جاپان کی ترجیحات کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی دو طرفہ تجارت کومزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیالات کریں گے۔کشیدا بدھ کو لندن کے ایک دورے کے بعد کینڈا کے دار الحکومت اوٹاوا پہنچے تھے۔ لندن میں انہوں نے اور برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی سر زمین پر فورسز تعینات کرنے کی اجازت ہو گی ۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی کے تعلقات کو قریب تر کرنے کا تازہ ترین اقدام ہے
جاپانی وزیر اعظم صدر بائیڈن سے وائٹ ہاؤس میں بات چیت کے لیے جمعے کو واشنگٹن بھی جائیں گے۔اس میٹنگ سےقبل جاپان کےدفاع اور خارجہ امور کے وزراء نے واشنگٹن میں اپنے ہم منصبوں سےملاقات کی جہاں انہوں نے چین کے بارے میں مشترکہ خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی تعاون میں اضافےکے ایک معاہدے کا اعلان کیا۔بدھ کے روز امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے جاپان کو 2027 تک اپنے دفاع کے اخراجات میں اضافےکو دوگناکرنے کے حالیہ اقدام پر سراہا ۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی نئی اسٹریٹیجیز ، اپنے چیلنجز کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے ان کے منصوبے امریکی اسٹریٹیجیز سے بہت زیادہ ہم آہنگ ہیں ۔بلنکن نے یہ اعلان بھی کیا کہ جمعے کو کیشیدا کے دورے کے دوران، وہ خلا میں امریکہ اورجاپان تعاون کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو بننے میں ایک دہائی کا عرصہ لگا ہے اور اس میں مشترکہ ریسرچ سے لے کر چاند پر پہلی خاتون اور غیر سفید فام شخص کو اتارنے تک کےلیے مل کر کام کرنا سب کچھ شامل ہے۔