پٹنہ، 04 جنوری (یو این آئی) بہار کی عظیم اتحاد حکومت میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے کوٹے کے وزراءنے سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات کیلئے وزیر اعلی نتیش کمار کو اپوزیشن اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کا وزیر اعظم (پی ایم) عہدے کاامیدوار بنائے جانے کی وکالت کی ۔
سماجی بہبود کے وزیر اور جے ڈی یو کے سینئر لیڈر مدن سہنی اور درج فہرست ذات و قبائل بہبود کے وزیر رتنیش سدا نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار ایک تجربہ کار سیاست داں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ مسٹر کمار نے قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں اپوزیشن اتحاد’ انڈیا ‘ بناہے۔
وزراءنے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ مسٹرکمار کو ”نڈیا“ کا کنوینر بنانے کی تجویز ہے تو پھر انہیں اپوزیشن کا وزیر اعظم کا امیدوار قرار دینے میں کیا مشکلات ہیں؟ وزیراعلیٰ مسٹر کمار کے انڈیا کا کنوینر بننے کے امکان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کو اپوزیشن کا وزیر اعظم چہرہ قرار دینے سے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار سے بے دخل کرنا آسان ہو جائے گا۔ یہ اپوزیشن اور ملک کے مفاد میں بھی ہوگا۔
تاہم مسٹرسدا نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کو وزیر اعظم کا امیدوار قرار دینا ان کا مطالبہ نہیں بلکہ ایک تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار ایک پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے سماج کے ایک مخصوص گروپ کے کچھ لوگ انہیں اگلے وزیر اعظم کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف مسٹر سہنی نے کہا کہ سیٹ شیئرنگ پر مختلف سطحوں پر بات چیت چل رہی ہے۔ تاہم انہوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ سیٹوں کی تقسیم پر فیصلہ میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ہونے کے بعد اس کی معلومات میڈیا کو دی جائیں گی۔