نئی دہلی: ۔ریلائنس جیو کا نیا جیو بھارت موبائل اگلے دو سے تین سالوں میں 10 کروڑ سے زیادہ نئے صارفین کا اضافہ کر سکتا ہے۔ اس بات کا انکشاف معروف بروکریج ہاؤس بو فا سیکیورٹیز کی رپورٹ میں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اگر جیو بھارت فون کی پیداوار کو مارکیٹ کی مانگ کے مطابق بڑھایا جا سکتا ہے تو ریلائنس کا جیو بھارت فون دوسری کمپنیوں کے 2G فیچر فون صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ یہ ایئر ٹیل اور ووڈافون آئیڈیا کو اپنے 2G صارفین کو بچانے کی پوری کوشش کرنے پر مجبور کرے گا۔
بوفاسیکیورٹیز کے مطابق، 2 جی اور فیچر فون کے صارفین کیلئے جیو بھارت فون ایک پرکشش پیکیج کے ساتھ آرہا ہے۔ 999 روپے کی قیمت کا جیو بھارت فون مبینہ طور پر مارکیٹ میں دستیاب زیادہ تر فیچر فون سے سستا ہے۔ نیز، یہ لامحدود مفت وائس کالنگ کے ساتھ پیش کی جارہی ہے جو 2G صارفین کو راغب کرے گی۔
مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارت میں تقریباً 250 ملین 2G صارفین ہیں اور ان میں سے تقریباً 13 کروڑ بھارتی ایئرٹیل سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان 13 کروڑ صارفین میں سے تقریباً 10کروڑ ایسے صارفین ہیں جو ایئرٹیل کو وائس کالنگ یعنی موبائل پر بات کرنے کے لیے ادائیگی کرتے ہیں۔ لامحدود مفت وائس کالنگ پیکج کے ساتھ آنے والا جیو بھارت فیچر فون ایئرٹیل اور ووڈافون آئیڈیا کے 2G کسٹمر بیس میں ایک بڑ ی سیندھ لگائے گا۔
ایک دیگر بروکریج ہاؤس، جیفریز نے اپنی رپورٹ میں رائے دی ہے کہ جیو بھارت موبائل فیچر فون استعمال کرنے والوں کو اپنے موبائل کے اخراجات (ڈیوائس پلس سروس) پر 26 فیصد تک بچانے کے قابل بنائے گا۔ جیفریز کے مطابق، ایئرٹیل 2G فیچر فون مارکیٹ میں سب سے بڑا کھلاڑی ہے۔ ایسے میں ایئرٹیل کو جیو بھارت فیچر فون کا سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ جیفریز کے مطابق، "ہم توقع کر رہے ہیں کہ مارچ 2026 تک بھارتی کو چھوڑنے والے 2جی صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوگا۔ اس وجہ سے مالی سال 2024 سے 2026 کے درمیان بھارتی کیلئے ہمارے پیشگی اندازوں میں 1-4% کی کٹوتی ہوتی۔‘‘