حیدرآباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ایس عبدالنذیر نے آج گورنر آندھراپردیش کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔سیاست نیوزکی خبر کے مطابق امراوتی میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ پرشانت کمار مشرا نے جسٹس عبدالنذیر کو عہدہ کا حلف دلایا ۔
راج بھون میں منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، قائد اپوزیشن این چندرا بابو نائیڈو ، ہائی کورٹ کے ججس ، ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ حلف برداری کے بعد قائدین نے نئے گورنر کو مبارکباد پیش کی ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 12 فروری کو جسٹس عبدالنذیر کے گورنر آندھراپردیش کی حیثیت سے تقرر کے احکامات جاری کئے۔ وہ بسوا بھوشن ہری چندن کے جانشین ہیں جنہیں چھتیس گڑھ کا گورنر مقرر کیا گیا ۔ بسوا بھوشن ہری چندن نے جولائی 2019 ء میں ذمہ داری سنبھالی تھی۔ جسٹس عبدالنذیر کا تعلق کرناٹک سے ہے اور وہ کرناٹک ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ ججس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ایودھیا مقدمہ کے علاوہ طلاق ثلاثہ اور نوٹ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں میں شامل رہے ہیں۔ جسٹس عبدالنذیر کل شام آندھراپردیش پہنچے اور گناورم ایرپورٹ پر چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔