سری نگر(یو این آئی) محکمہ پولیس میں شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر سرکار نے اُ ن 36پولیس اہلکاروں کو قبل از وقت سبکدوش کرنے کے احکامات صادر کئے جو کہ بد عنوانی ، مجرمانہ سرگرمیوں اور دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران غفلت شعاری برتنے کے ساتھ ساتھ ضابط اخلاق کی بھی خلاف ورزی کی ۔ اُن کے مطابق سبکدوشی کا فیصلہ جانچ پڑتال مکمل کرنے کے بعد قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازمین غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی قصوروار پائے گئے ہیں، کافی عرصے تک بغیر اجازت اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محکمانہ انکوائریوں میں ان کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا اور ان میں سے کچھ بد عنوانی کے مقدمات میں ملوث پائے گئے ہیں، کئی کو سنگین مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے اور ڈیوٹیوں کے تئیں ان کی دیانتداری بھی مشکوک پائی گئی۔
جائزہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ان ملازمین کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی اور ان کا سرکاری ملازمت میں مستقل رہنا مفاد عامہ کے خلاف پایا گیا ۔ سرکار بد عنوانیوں و بے ضابطگیوں کے خلاف اپنی زیرو ٹرولنس پالیسی پر گامزن ہے اور اسی بنا پر مذکورہ 36ملازمین کو اپنے عہدوں سے قبل از وقت سبکدوش کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس طرح کے بہت سارے معاملات جائزہ کمیٹیوں کے پاس زیر غور ہیں اور اُن کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانے کا امکان ہے۔مزید براں کہ کئی ملازمین جو ملک دشمن سرگرمیوں کا حصہ رہے ہیں کو بھی ملازمت سے فارغ کیا گیا ۔