نئی دہلی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنونر اروند کیجریوال نے پارلیمنٹ میں دلت مسیحا ڈاکٹر امبیڈکر کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تضحیک آمیز تبصرے پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کو خط لکھا ہے۔ مسٹر کمار اور مسٹر نائیڈو کو جمعرات کو لکھے گئے خط میں مسٹر کیجریوال نے کہا ہے کہ میں آپ کو یہ خط ایک بہت اہم موضوع پر لکھ رہا ہوں، جس کا تعلق نہ صرف ہمارے آئین سے ہے بلکہ بابا صاحب امبیڈکر کی ساکھ سے بھی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے بابا صاحب کے نام پر جو تبصرہ کیا تھا اس نے پورے ملک کو چونکا دیا ہے۔ ان کا یہ بیان کہ ‘آج کل امبیڈکر-امبیڈکر کہنا فیشن بن گیا ہے’ نہ صرف توہین آمیز ہے بلکہ بابا صاحب اور ہمارے آئین کے تئیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سوچ کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ آخرکار انہیں بابا صاحب امبیڈکر کے بارے میں یہ کہنے کی ہمت ہوئی، جنہیں کولمبیا یونیورسٹی نے ‘ڈاکٹر آف لا’ سے نوازا، جنہوں نے ہندوستان کا آئین لکھا اور سماج کے سب سے محروم طبقات کو حقوق دینے کا خواب دیکھا۔ بی جے پی نے کیسے کہا؟
انہوں نے کہا کہ اس سے ملک بھر کے کروڑوں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ یہ بیان دینے کے بعد مسٹر شاہ نے معافی مانگنے کے بجائے اپنے بیان کو درست قرار دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر شاہ کے بیان کی کھلے عام حمایت کی۔ اس نے جلے پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ بابا صاحب سے محبت کرنے والے اب بی جے پی کا ساتھ نہیں دے سکتے۔ بابا صاحب صرف ایک لیڈر نہیں بلکہ ہمارے ملک کی روح ہیں۔ بی جے پی کے اس بیان کے بعد لوگ چاہتے ہیں کہ آپ اس معاملے پر گہرائی سے سوچیں۔