ممبئی ، 30 مارچ (یو این آئی) این سی پی(شردپوار) گروپ کی جانب سے پانچ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی گئی ہے۔آج ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے لئے پانچ امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست کا اعلان پارٹی کی جانب سے کیاگیا۔اس موقع پر ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ’’یہ ہمارے امیدواروں کی پہلی فہرست ہے۔ ہم جلد ہی امیدواروں کی دوسری فہرست کا اعلان کریں گے‘‘۔
اپنی پہلی فہرست میں، پارٹی نے بارامتی سے موجودہ ایم پی سپریہ سولے اور مراٹھی ٹی وی اداکار سے سیاست دان بنے امول کولہے کو شیرور لوک سبھا حلقوں سے دوبارہ نامزد کیا ہے۔ مہاراشٹر کے جن پانچ حلقوں کے لیے این سی پی شرد پوار گروپ نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے ان میں وردھا سے امر کالے، ڈنڈوری کے لیے بھاسکر راؤ باگرے، بارامتی کے لیے سپریا سولے، شرور کے لیے امول کولہے اور احمد نگر سے نیلیش لنکے ہیں۔ این سی پی شرد پوار دھڑے کے صدر جنیت پاٹل نے پریس کانفرنس کر کے اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ان سیٹوں کا اعلان اتحاد کی اتحادی جماعتوں اور مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ بات چیت کے بعد کر رہے ہیں۔ پچھلے کئی دنوں سے اس بات پر بحث چل رہی تھی کہ کون احمد نگر جنوبی لوک سبھا حلقہ سے الیکشن لڑے گا۔ آخر کار نیلیش لنکا نے کل رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد انہیں احمد نگر سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیاہے۔
اسی دوران آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اجیت پوار گروپ نے بھی پریس کانفرنس کی اور سیٹوں کی تقسیم پر تبصرہ کیا۔ اجیت پوار دھڑے نے پہلے ہی شیواجی راؤ ادھاراو پاٹل کو شرور اور سنیل تٹکرے کے رائے گڑھ لوک سبھا حلقہ کے لیے امیدوار بنانے کا اعلان کر دیا تھا۔ اجیت پوار گروپ کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے آج این سی پی کے کوٹے میں پربھنی کی سیٹ راشٹریہ سماج پارٹی کے مہادیو جانکر کو دینے کا اعلان کیا۔