ممبئی، 01 نومبر (یو این آئی) ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور (این سی پی) کے آنجہانی لیڈر بابا صدیقی کے بیٹے ایم ایل اے ذیشان صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور خان سے 2 کروڑ روپے مانگنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔حکام نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ معاملہ درج ہونے کے بعد پولیس نے اس شخص کو ممبئی کے مضافاتی علاقے باندرہ سے گرفتار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ادھم مصطفیٰ کے طورپر ہوئی ہے، جو پہلے دبئی میں کام کرتا تھا اور فی الحال اپنے کنبہ کے ساتھ باندرہ میں رہتا ہے۔ پولیس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مصطفیٰ نے شرارت کے لئے یہ جرم کیا ہے۔یہ معاملہ اس وقت درج کیا گیا جب منگل کو ممبئی ٹریفک پولیس کو ان کے واٹس ایپ نمبر پر ایک نامعلوم نمبر سے سلمان اور صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی کا پیغام موصول ہوا۔
پیغام بھیجنے والے نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جبکہ ذیشان صدیقی کو بھی دھمکی دی گئی تھی۔ ایک تفتیش کار نے بتایا کہ ملزم نے اداکار سے 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔اس سے پہلے پولیس نے نوئیڈا سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا تھا جس نے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔