قاہرہ (یو این آئی) شام کے طرطوس صوبے کے ساحل پر تارکین وطن کا ایک جہاز حادثے کا شکار ہونے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔
شامی پورٹس اتھارٹی کے سربراہ سمیر کبرسالی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے مسٹر کبرسالی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ہنگامی خدمات نے طرطوس کے ساحل پر ملبے سے 100 لاشیں نکالی ہیں۔
مسٹر کبرسالی نے کہا کہ لبنانی حکام نے دمشق کو تارکین وطن کے ساتھ لاپتہ ہونے والے جہاز کے بارے میں خبردار نہیں کیا تھا اور حادثے کے بعد ہی شامی حکام سے رابطہ کیا تھا۔ یہ جہاز گذشتہ ہفتے لبنان سے قبرص کے لیے روانہ ہوا تھا، جس میں شامی، لبنانی اور فلسطینی شہریوں کے ساتھ ساتھ نامعلوم ممالک کے شہری بھی سوار تھے۔ زندہ بچ جانے والے ایک شخص کے مطابق جہاز پر تقریباً 150 مسافر سوار تھے۔
لبنانی فوج نے کہا کہ اس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جو نقل و حمل کا منتظم تھا اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ریلیف آپریشن 22 ستمبر کو شروع ہوا تھا۔