نئی دہلی(محمد شاہد اعظمی) ۔آج آل انڈیا ریڈیو دہلی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ‘منی میراتھن’ کا اہتمام کیا۔ یہ دوڑ آکاشوانی دہلی سے پٹیل چوک، گول ڈاکخانہ، سنٹرل سکریٹریٹ چوراہے سے ہوتے ہوئے آکاشوانی کے احاطے میں ختم ہوئی ۔ آل انڈیا ریڈیو نے دہلی میں پہلی بار اس طرح کی منی میراتھن کا انعقاد کیا جس میں 100 سے زیادہ مرد اور خواتین رنر نے حصہ لیا۔ صبح 7 بجے اس ریس کا افتتاح کرتے ہوئے آل انڈیا ریڈیو کی ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر وسودھا گپتا نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو عوام کو ‘فٹ انڈیا’ کے بارے میں نہ صرف آگاہ کرتا ہے بلکہ اسے کر کے بھی دکھاتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ہر ایک کو صحت کے بارے میں بیدار رہنے کا پیغام بھی دیا۔ ریس کے اختتام پر انہوں نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ آل انڈیا ریڈیو دہلی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل کی کوششوں سے منعقد کی گئی اس پہلی منی میراتھن میں ہمدرد لیبارٹریز کی طرف سے گفٹ ہیمپرس اور یشودا ہسپتال کوشامبی کی جانب سے فاتحین میں ٹرافی تقسیم کی گئی اور ایمبولینس کے ساتھ ڈاکٹروں اور فزیوتھراپی ماہرین کی ایک ٹیم موجود تھی۔