نئی دہلی، 27 اپریل (یو این آئی) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اصل مسائل پر بات کرنے کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی تخیل کا سہارا لے کر سابق وزرائے اعظم کے نام لے کر ملک کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔محترمہ واڈرا نے کہا کہ مسٹر مودی کو انتخابی ریلیوں میں اپنے 10 سال کے کام کا حساب دینا چاہئے تھا لیکن وہ گمراہ کرنے کی سیاست کر رہے ہیں اور خیالی مسائل کو اٹھا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور انہیں حقیقی مسائل سے ہٹا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں گزشتہ دس سالوں سے بی جے پی کی حکومت ہے۔ آج جب الیکشن آچکے ہیں اور عوام حساب مانگ رہی ہے تو اپنے کاموں کی گنتی کرنے کے بجائے نریندر مودی جی بتا رہے ہیں کہ سابق وزرائے اعظم نے کیا کیا اور کیا نہیں کیا۔ وہ خیالی معاملات کا سہارا لے کر عوام کو ڈرانے اور گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن ملک کے باشعور عوام اب ان کے جال میں نہیں پھنسیں گے۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کے انڈیا گروپ کی جیت کا دعوی کرتے ہوئے، محترمہ گاندھی نے کہا ’’انڈیا گروپ بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جا رہا ہے۔‘‘