نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی کو لوک سبھا انتخابات میں اپنی شکست نظر آنے لگی ہے، اس لیے وہ گندی سیاست پر اترآئے ہیں لیکن دہلی اور ملک کے عوام مسٹر اروند کیجریوال کے ساتھ ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے کہا کہ بی جے پی اب ایک نیا مسئلہ لے کر آئی ہے۔ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ عام آدمی نے غیر ملکی فنڈ لیا ہے۔ اس معاملے میں عام آدمی پارٹی نے پہلے ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، مرکزی وزارت داخلہ کو تمام تفصیلات پیش کر دی تھیں۔ 2015 میں وزارت داخلہ نے ہائی کورٹ میں اپنے حلف نامہ میں کہا تھا کہ کوئی غلط کام نہیں کیا گیا ہے۔ یہ بات پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ آج پھر اس معاملے کو کیوں اجاگر کیا گیا ؟ اگر ہم بی جے پی کی پوری کارکردگی کو دیکھیں تو جب بھی وہ الیکشن ہارنے کی پوزیشن میں ہوتی ہے تو وہ اس قسم کی گندی سیاست کرتی ہے۔
ڈاکٹر پاٹھک نے کہا کہ پہلے انہوں نے جعلی شراب گھوٹالہ بنایا، پھر ہر لیڈر کو جیل میں ڈال دیا۔ ان کا خیال تھا کہ عام آدمی پارٹی ٹوٹ جائے گی، لیکن پارٹی نہیں ٹوٹی، بلکہ آگے ہی بڑھی۔ اگر وزیراعظم ملک کے لیے اتنی محنت کرتے تو ملک کہاں سے کہاں تک پہنچ جاتا ۔ انہوں نے مسٹر کیجریوال کی ضمانت روکنے کے لیے سب کچھ داؤ میں لگادیا، پھر بھی عدالت نے انہیں راحت دی۔انہوں نے کہاکہ انتخابی شکست دیکھ کر سواتی مالیوال کا معاملہ سامنے لے آئے ۔ انہوں نے اپنی پوری طاقت اس معاملے کو بڑا کرنے کی کوشش میں لگا دی۔ اس میں بھی وہ فلاپ ہوگئے۔ ان کی حکمت عملی خود ناکام ہوگئی۔ جب محترمہ مالیوال کا معاملہ ختم ہوا تو اب انہوں نے غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ اٹھایا۔ غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ مکمل طور پر مضحکہ خیز ہے۔