نئی دہلی 30 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 3 سے 5 ستمبر تک برونئی اور سنگاپور کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے جمعہ کو ایک ریلیز میں کہا کہ مسٹر مودی 3 اور 4 ستمبر کو جنوب مشرقی ایشیائی ملک برونئی میں دارالسلام کا دورہ کریں گے۔ یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا برونئی کا پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا۔
وزیراعظم برونئی سے ہی سنگاپور جائیں گے۔ وہ وزیراعظم لارنس وونگ کی دعوت پر 4 سے 5 ستمبر تک سنگاپور میں ہوں گے۔
مسٹر مودی برونئی کے سلطان حاجی حسنل بولکیہ کی دعوت پر وہاں جائیں گے۔ یہ دورہ ہندوستان اور برونئی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ برونئی ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ’ پالیسی اور ہند-بحرالکاہل خطے کے ہندوستان کے وژن میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ مسٹر مودی کا دورہ برونئی دفاعی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، خلائی ٹیکنالوجی، صحت تعاون، صلاحیت سازی، ثقافت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے ایک دوسرے کے یہاں آنے جانے سمیت برونئی کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرے گا۔ اس دورے میں دونوں فریق تعاون کی راہیں بھی تلاش کریں گے۔
مسٹر مودی سنگاپور میں وزیر اعظم لارنس وونگ کے ساتھ دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مسٹر مودی سنگاپور کے صدر ترمن شانموگرتنم سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کا سنگاپور کے معروف صنعت کاروں سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے برونئی اور سنگاپور کے دوروں سے ان دونوں ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور علاقائی اور کثیر جہتی فریم ورک میں ہندوستان کے تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ برونئی اور سنگاپور دونوں 10 رکنی ایسوسی ایشن آف جنوب مشرقی ایشیائی ممالک (آسیان) کے رکن ہیں۔