نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے بدھ کے روز جنم دن کے موقع پر انڈیا یوتھ کانگریس (یوتھ کانگریس) نے اسے قومی بے روزگار دیوس کے طور پر منایا۔وزیر اعظم مودی کے جنم دن کی 75 ویں سالگرہ پر ملک اور بیرون ملک سے انہیں مسلسل مبارکباد اور نیک خواہشات موصول ہو رہی ہیں۔یوتھ کانگریس نے وزیر اعظم کے جنم دن کے موقع پر اسے قومی بے روزگار دن کے طور پر منایا۔ یوتھ کانگریس نے آج دوپہر یوتھ کانگریس دفتر، رائسینا روڈ پر احتجاج کا اہتمام کیا تھا لیکن دہلی پولیس نے انہیں مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’آج جب ہم نے نوجوانوں کے حقوق کی آواز بلند کی تو پولیس نے ڈر دکھا کر مجھے اور میرے ساتھیوں کو روک دیا۔ لیکن کان لگا کر سن لو مودی-شاہ، احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہمیں کوئی روک نہیں سکتا اور جب تک نوجوانوں کو روزگار نہیں ملے گا، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہم ملک کے نوجوانوں کی آواز ہیں اور یہ آواز اور بلند ہوگی۔‘‘
چِب نے کہا، ’’پچاس سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری آج ہے۔ نوکری نہیں، صرف اڈانی کو فائدہ ہو رہا ہے اور کیوں دیں گے روزگار؟ کیونکہ ووٹ چوری کرکے ہی وزیر اعظم بننا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ثابت کیا ہے اور ہم آج پھر سے دہراتے ہیں کہ مودی ووٹ چور ہیں، نوکری چور ہیں۔ اسی لیے وہ روزگار دینے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔ انہیں لگتا ہے کہ ووٹ چوری کر کے دوبارہ وزیر اعظم بن جائیں گے، لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔‘‘












