کاٹھمنڈو (یو این آئی) مغربی نیپال میں جمعہ کی نصف شب آنے والے 6.4 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 250 سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ کاٹھمنڈو پوسٹ نے جاری کردہ رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔نیشنل زلزلہ نگرانی اور تحقیقی مرکز کے مطابق، نیپال میں گزشتہ رات 11.47 بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جس کا مرکز ضلع جاجرکوٹ میں تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔
وزیر اعظم پشپ کمل دہل نے حفاظتی اداروں کو فوری راحت رسانی کے لیے ہدایت دی ہے۔ وزیر اعظم نے تینوں سکیورٹی ایجنسیوں کو فوری طور پر بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہونے کی ہدایت دی ہے اور تباہی پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ضلع جاجرکوٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش روکا نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح 3 بجے تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان جاجرکوٹ اور مغربی روکم اضلاع میں ہوا ہے، صرف جاجرکوٹ میں 92 افراد ہلاک اور 55 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے پانچ کو سرکھیت کے صوبائی اسپتال کرنالی لے جایا گیا ہے، جبکہ دیگر ضلع کے مختلف طبی اداروں میں زیر علاج ہیں۔اس کے علاوہ بریکوٹ دیہی میونسپلٹی کے رامیندا میں 44 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے۔
اسی طرح ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق مغربی روکوم میں ہلاکتوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع مغربی روکوم کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نامراج بھٹارائی نے مہلوکین کی تعداد کے بارے میں معلومات دی ہیں۔ ایتھبسکوٹ میونسپلٹی میں 36 لوگوں کی موت کی اطلاع ہے اور سنیبھیری دیہی میونسپلٹی میں مزید آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔چیف ڈسٹرکٹ آفیسر سریش سنار نے بتایا کہ جاجرکوٹ ضلع کے بھیری، نل گڑھ، کشے، بریکوٹ اور چیداگڑ زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع کی تمام سکورٹی فورسز کو تلاش اور بچاؤ کے کاموں میں لگا دیا گیا ہے۔اس سے قبل 22 اکتوبر کو صبح 7.39 بجے کھٹمنڈو وادی اور آس پاس کے اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔