نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کو ضمانت دے دی۔عدالت عظمیٰ نے ملک کو صحت کی بنیاد پر دو ماہ کی راحت دی ہے۔ این سی پی لیڈر ملک کو ای ڈی نے گزشتہ سال فروری میں منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
منشیات کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد نواب ملک نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ممبئی کے اس وقت کے ڈویژنل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور ان کے خاندان پر مسلسل الزامات لگا رہے تھے۔
ادھو ٹھاکرے کی حکومت میں، نواب ملک کے پاس اقلیتوں، انٹرپرائز اور مہارت کی ترقی کی کابینہ کی وزارت کا چارج تھا۔ وہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف قومی ترجمان بھی تھے۔
ذہن نشیں رہے کہ نواب ملک کا خاندان اصل میں اتر پردیش کے ضلع بلرام پور سے ہے۔اس کے خاندان کی اچھی کھیتی باڑی اور کاروبار تھا، خاندان مالی طور پر خوشحال تھا۔ نواب کی پیدائش سے پہلے ان کے والد محمد اسلام ملک ممبئی میں آباد ہو گئے تھے۔ لیکن خاندان اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیے اتر پردیش واپس آیا۔نواب 20 جون 1959 کو اتر پردیش کے بلرام پور کے اترولا تعلقہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ کچھ عرصے کے بعد ملک فیملی دوبارہ ممبئی واپس آگئی۔
آپ کو بتادیں کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے اس وقت کے افسر سمیر وانکھیڑے پر بھی سنگین الزامات لگائے تھے۔ ملک نے تب کہا تھا کہ سمیر وانکھیڑے این سی بی کی آڑ میں بھتہ خوری کا ریکیٹ چلاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پیسے والے لوگوں کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا خوف دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا تھا۔ اس کے لیے اس نے ایک پرائیویٹ آرمی بنائی تھی۔