جموں(یو این آئی)جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیاکہ کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر بیچ کا راستہ نکالنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری میں حالات پوری طرح سے معمول پر آنے کے بعد ہی ہندو ملازمین کو وہاں پر جانے کی اجازت دینی چاہئے۔
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈت ملازمین کے سبھی مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔اُن کے مطابق کشمیری پنڈتوں کو کافی زخم لگے ہیں لہذا حکومت کو اُن کے مسائل پر ہمدردانہ غور کرنا چاہئے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ کشمیری پنڈت ملازمین کی ڈیمانڈ کو مان لینا چاہئے۔اُنہوں نے بتایا کہ کشمیر میں ابھی بھی حالات پوری طرح سے معمول پر نہیں آئے لہذا انتظامیہ پنڈت ملازمین کو فی الحال جموں میں ہی تعینات کرئے ۔محبوبہ مفتی نے مزید بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کے حوالے سے ایل جی انتظامیہ کو بیچ کا راستہ نکالنا چاہئے کیونکہ یہ انسانی مسئلہ ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے نظر ثانی کی اپیل کی ۔