جے پور (یواین آئی) راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے پرتاپ گڑھ ضلع کے دھریاواد علاقے میں ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کو انسانیت کے لیے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے خلاف مضبوط آواز اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ایک مہذب اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جاسکے۔
مسٹر پائلٹ نے یہ بات سوشل میڈیا کے ذریعے کہی۔ انہوں نے کہا، "ضلع پرتاپ گڑھ کے دھاریاواد علاقے میں ایک خاتون کے ساتھ ہونے والی درندگی کی خبر انسانیت کے لیے شرمناک ہے۔ ہمارے معاشرے اور ثقافت میں ایسے شرمناک واقعات کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔”
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد راجستھان پولس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور اس معاملے میں فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعے انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیکن بحیثیت معاشرہ ہمیں ایسے واقعات کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی ہوگی۔ تب ہی ہم اپنی بہنوں اور بیٹیوں کے لیے ایک مہذب اور محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکیں گے۔