جموں، 8 نومبر (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں وکشمیر کے جموں اور سانبہ اضلاع میں بدھ کی صبح مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور اس دوران ایک روہنگیائی شہری کو حراست میں لیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے جموں اور سانبہ اضلاع میں بدھ کی صبح کئی مقامات پر چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے میانمار کے تارکین وطن کی رہائش گاہوں تک ہی محدود تھے اور یہ چھاپے پاسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق کے سلسلے میں مارے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران جموں کئے بٹھنڈی علاقے سے ظفر عالم نامی ایک روہنگیائی شہری کو اپنی عارضی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا۔
ادھر دوسری جانب جموں وکشمیر پولیس کی اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے بدھ کی صبح کشمیر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔یہ چھاپے ملی ٹنسی سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں مارے جا رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی اے کی ٹیمیں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع اور سری نگر میں کئی مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے ملی ٹنسی فنڈنگ سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں مارے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔