سری نگر، 4 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری سے معمولات زندگی درہم و برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔وادی میں میں تازہ برف سے جہاں رواں سیزن کے دوران پہلی بار ہوائی ٹرانسپورٹ معطل ہوا ہے وہیں میدانی علاقوں میں زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کو تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ وادی کے پہاڑی علاقوں کو اپنے اپنے ضلع صدر مقامات سے جوڑنے والی سڑکوں پر بھی برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو کر رہ گیا۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی میں اہفتے کی صبح سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور جب اتوار کی صبح لوگ گھروں سے باہر نکلے تو شہر و گام برف کی سفید چادر میں لپٹے ہوئے تھے۔
سری نگر میں جہاں رواں سیزن کے دوران پہلی بڑے پیمانے کی برف باری ریکارڈ کی گئی وہیں وادی کے ضلع صدر مقامات میں اس سیزن کے دوران پہلی بار سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوگئی۔ادھر حکام نے سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا ہے۔
محمکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں اتوار کی صبح ساڑے آٹھ بجے تک لگ بھگ 3 انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 8 اور 5 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں 6 انچ جبکہ قاضی گنڈ میں 4 انچ برف جمع ہوئی ہے۔وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں 3 سے 6 انچ جبکہ پہاڑی علاقوں میں 8 سے 12 انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ برف باری کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔اس دوران سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفا ق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 4 فروری کو دوپہر کے بعد موسم میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے جبکہ 5 فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 6 سے 13 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سڑکوں پر برف جمع ہونے کے پیش نظر مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق سفر کا پلان بنائیں۔