نئی دہلی (یو این آئی) قومی انسانی حقوق کمیشن نے بہار سے تمل ناڈو لائے گئے 12 یتیم بچوں پر چنئی کے ایک مدرسہ میں مبینہ تشدد کے معاملے میں ہفتہ کے روز دونوں ریاستی حکومتوں کو نوٹس جاری کیا۔
بہار کے یتیم نوعمربچوں کو مبینہ طور پر گھر میں رکھنے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں چنئی سے دو افراد کی گرفتاری اور پونیامنمیڈو میں واقع مدرسے سے 12 بچوں کو بچانے کی خبر میڈیا میں آئی۔
ان میڈیا رپورٹوں کا از خود نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق کمیشن نے تمل ناڈو اور بہار کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں کمشنر آف پولیس چنئی سے چار ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
کمیشن نے متاثرہ بچوں کی صحت کی موجودہ صورتحال اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جووینائل جسٹس ایکٹ کی دفعات کے مطابق متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے کی جانے والی کارروائی یا تجویز کردہ کارروائی کے بارے میں بھی معلومات طلب کی ہیں۔ کمیشن نے اپنے خصوصی نمائندے راجندر کمار ملک کو بہار کا دورہ کرنے کو کہا ہے جہاں سے ان یتیم بچوں کو تمل ناڈو لے جایا گیا تھا۔ انہيں واقعہ کے بارے میں تفصیلی معلومات کے لیے چنئی میں متاثرین سے ملنے اور ان کا معائنہ کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ ایک ماہ کے اندر موصول ہونے کی امید ہے۔