پٹنہ، 04 مارچ (یو این آئی) بہار قانون ساز کونسل کی 11 نشستوں کے لیے انتخابات کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوگیا ہے۔سرکاری ذرائع نے سموار کو یہاں بتایا کہ بہار قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے آج نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 11 مارچ ہے اور اس دوران بھرے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 12 مارچ کو ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 14 مارچ ہے۔ ان 11 سیٹوں کے لیے ووٹنگ 21 مارچ کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 21 مارچ کی شام کو ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ قانون ساز کونسل کی 11 نشستوں پر جن ارکان کی مدت کار اس سال مئی میں ختم ہو رہی ہے، ان میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار، سابق وزیرسنجے جھا، خالد انور اور رامیشور مہتو، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے شاہنواز حسین، منگل پانڈے اور سنجے پاسوان ، راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) سے سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اوررام چندر پوروے، کانگریس سے پریم چندر مشرا اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم سیکولر) کے سنتوش کمار سمن شامل ہیں۔