پٹنہ، 15 اگست (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست میں حکومت کی بحالی کے سلسلے میں ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی حکومت نے دس لاکھ لوگوں کو نوکری اور دس لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اب ریاست میں 12 لاکھ لوگوں کو نوکریاں اور 34 لاکھ کو روزگار دیا جائے گا۔

دارالحکومت پٹنہ میں تاریخی گاندھی میدان میں جمعرات کو 78ویں یوم آزادی کے موقع پر اٹھارویں بار پرچم لہرا کر بہار میں سب سے زیادہ بار پرچم لہرانے والے وزیر اعلیٰ ہونے کا ریکارڈ بنانے والے مسٹر کمارنے کہا، "ریاست کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور روزگار فراہم کرایا جارہا ہے۔ سال 2020 میں سات عزم-2 کے تحت 10 لاکھ نوکریاں اور 10 لاکھ روزگار دینے کے بارے میں طے کیاگیا۔ حکومت اس پر مسلسل کام کررہی ہے۔ اب تک 5 لاکھ 16 ہزار نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً دو لاکھ آسامیوں پر تقرری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اب فیصلہ کردیاگیا ہے کہ اس سل اور اگلے سال نوجوانوں کو 10 لاکھ کے بجائے 12 لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی، جس کے لیے عہدوں کی تخلیق اور بحالی کا کام مسلسل جاری ہے۔
مسٹرکمار نے کہا، "جہاں تک روزگار کا تعلق ہے، پچھلے چار برسوں میں مختلف شعبوں میں 24 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا گیا ہے اور اس سال اور اگلے سال مزید 10 لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ اس طرح 10 لاکھ روزگار کے بجائے 34 لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔