نئی دہلی، 20 اپریل ( یو این آئی ) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے اور کانگریس کے پاس ایسے تمام مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل کانگریس کے منشور میں ہے جس میں ملک کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے 30 لاکھ سرکاری نوکریوں کے خزانے کھولنے، غریب خاندانوں کی خواتین کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دینے جیسی کئی اسکیموں کا وعدہ کیا گیا ہے۔
محترمہ واڈرا نے ٹویٹکرکے کہا "کانگریس کے پاس بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بحران کا مستقل حل ہے۔ غریب خاندانوں کی خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے، 30 لاکھ سرکاری نوکریاں، تعلیمی قرض کی معافی، بے زمینوں کو زمین، تعلیم یافتہ کو ایک لاکھ روپے۔ پورے ملک کے نوجوانوں کو اپرنٹس شپ، ایم ایس پی کی گارنٹی، کسانوں کے قرض کی معافی اور اس طرح کے تمام اعلانات کی طرف امید کے ساتھ لوگ کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔