پٹنہ، 29 فروری (یو این آئی) بہار میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کے وزیر اعلیٰ کے حکم کی عدم تعمیل کے خلاف جمعرات کو اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ کیا۔
اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ لیننسٹ (سی پی آئی-ایم ایل) کے محبوب عالم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایوان میں اسکول کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ایوان میں کہا تھا کہ اساتذہ صبح 9 بجکر 45 منٹ پر اسکول آئیں گے اور شام 4 بجکر 15 منٹ پر چلے جائیں گے لیکن اس حکم پر ابھی تک عمل نہیں ہوا۔ حکومت کا حکم نامہ فرضی ہے ۔
مسٹر عالم نے کہا کہ ایوان میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے کئے گئے اعلان کی عدم تعمیل دراصل ایوان کے وقار کو کم کرنا ہے۔ اس پر اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو نے کہا کہ کوئی بھی ایوان کے وقار کو کم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے ارکان سے پرسکون رہنے اور وقفہ سوالات چلنے دینے کی درخواسست کی ۔ لیکن مالے اراکین اس پر راضی نہیں ہوئے اور ایوان کے وسط میں آکر حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے۔ تاہم کچھ دیر بعد اسپیکر کی درخواست پرمالے اراکین اپنی نشستوں پر واپس آگئے۔