اورنگ آباد : ( یو این آئی ) مہاراشٹرا کا ضلع اورنگ آباد جو علاقہ مراٹھواڑہ کا مرکز ہے،۔اردو زبان و ادب اور مختلف نوعیت کی تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں ایک اہم اور نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی ترقی اور فروغ کے لیے یہاں مختلف افراد اور تنظیمیں ہمیشہ سرگرم رہتی ہیں۔ جو الگ الگ نوعیت کے پروگراموں کا انعقاد کر کے نوجوان نسل کو اردو زبان سے واقف کرانے اور انھیں راغب کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ ان پروگراموں میں ایک اہم پروگرام ‘ کتاب میلہ ‘ کا انعقاد بھی ہے۔ اسی طرح کا ایک پروگرام ‘ ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022 ‘ کا انعقاد اورنگ آباد شہر میں 16 ڈسمبر سے 22 دسمبر کے دوران ‘ سوشل 7 فاونڈیشن’ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر باسط صدیقی اور افروز خان نے یو این آئی کو تفصیلات بتلاتے ہوئےکہا کہ ، اس ‘ ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022 میلہ کے دوران 7 دنوں میں مختلف عنوانات پر 40 سے زائد سمینار اور کانفرنسس ہونگی۔ یہاں جملہ 138 اسٹالس لگائے گئے ہیں جس میں سے 48 کتابوں کے، 46 ایجوکیسنل کمرشل، 23 تعلیمی اداروں کے اور 23 خواتین کے لیے مختص اسٹالس ہیں۔
اس ایجوکیشن ایکسپو کی ایک اہم اور سب سے نمایاں خصوصیت میں ‘ قران اور ماڈرن سائنس” عنوان سے سائنس نمائش شامل ہے۔ جو ایڈوکیٹ سید فیض کے مشہور ادارے اسلامک ریسرچ سینٹر ( آئی آر سی) کی جانب سے لگائی گئی ہے۔ اس نمائش کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہاں پر دنیا میں جتنی بھی زبانوں میں قران مجید کا ترجمہ ہوا ہے ان سب کی ایک ایک کاپی رکھی گئی ہے۔ قران کے 35 زبانوں کے تراجم یہاں رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نمائیش میں پرانے نوٹس، سکے، اور ڈاک ٹکٹ بھی رکھے گئے ہیں۔
کتاب میلہ میں ملک کے تقربیاً تمام اہم پبلیشرز اور مقامی کتب فروشوں نے اپنے اسٹال لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر اور اطراف کے تعلیمی اداروں اور اسکولوں نے بھی اپنے اسٹال لگا کر اپنے اپنے طلباء کے ذریعے سے تیار کردہ پروجکٹس کی نمائش کی ہے۔
حیدرآباد کے فانوس ایجوکشن چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے بھی ایک اسٹال لگایا گیا ہے۔ اس ادارے کی جانب سے کل ہند سطح پر بین المدارس و بین الکلیات مقابلوں کو بعنوان ” فانوس آگہی ‘ منعقد کیا جاتا ہے۔ 21 ڈسمبر کو ان مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جامعہ اسلامیہ اکل کوا کی جانب سے بھی ایک اسٹال لگایا گیا ہے، اس ذمہ ادار اور ادارے کے فزیکل ڈائریکٹر جنید قاضی نے ادارے کی جانب سے چلائے جانے والے مختلف کالجوں اور اسکولوں کا تعارف کرایا اور بتایا کہ مولانا وستانوی اور حذیفیہ مولاناغلام محمد وستانوی کی کوشیشوں سے ادارہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اس موقع پر اس ادارے کی جانب سے جاری ماہنامہ’ شاہراہ علم’ کے خصوصی شمارے جو نئی قومی تعلیمی پالسی پر محیط ہے، کے بارے میں ماہنامہ’ شاہراہ علم’ کے ذمہ دار مولانا مفتی ہلال الدین نے بتایا کہ خصوصی شمارے ‘ نئی تعلیمی پالسی اور مسلمانوں کے لیے لائحہ عمل’ سے سب کو استفادہ کرنا چاہیے۔
اس ایکسپو میں اورنگ آباد شہر کے مشہور ادارہ ‘ تحفظ دین میڈیا ‘ کی جانب سے بھارت میں اپنی نوعیت کے منفرد اور پہلے 3 ڈی اسلامک کارٹون چینل ‘ کڈس میسیج’ کا تعارف کرایا گیا ہے۔ قاری ضیائ الرحمن فاروقی نے بتایا کہ ، اپنے بچوں کو کفریہ اور شرکیہ کارٹونس سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ ایک منظم تحریک ہے۔ ‘ کڈس میسیج’ دلچسپ اور خوبصورت انداز میں حمد نعت نظمیں، اسلامی علمی اخلاقی ایمانی اصلاحی تربیتی کہانیاں اور واقعات خزانہ ہے۔ اور اس اسلامی کارٹؤنس کے ذریعئے بچوں کی ایمانی، اسلامی، تعلیمی، اخلاقی اور اصلاحی تربیت کریں۔
اورنگ آباد شہر کی مشہور ادارے ‘ ریڈ اینڈ لیڈ فاونڈیشن’ کے مرزا عبدالقیوم ندوی کی جانب سے لگائے گئے اسٹال پرطلباء اور کتابوں کے شائقین کے لیے خصوصی ڈسکاونٹ دیا جا ریا ۔ اسی طرح ‘ قومی کونسل برائے فروغ اردو ‘ کی جانب سے بھی ایک وسیع اسٹال لگایا گیا ہے جہاں کتابوں پر 75 فی صد تک ڈسکاونٹ دیا جارہا ہے۔ کیلنڈروں کے شائقین کے لیے ‘ وحدت اسلامی ‘ کی جانب سے تیار کردہ کیلنڈر ایکسپو میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس ایکسپو میں مشہور موتیویشنل اسپیکر منور الزماں، ماہر تعلیم مبارک کاپڑی، اور حذیفیہ مولاناغلام محمد وستانوی ، ڈاکٹر بدر السلام (مولانا آزاد اپن یونیورسٹی حیدرآباد) ، مفتی سلمان مدراسی ، ڈاکٹر فیصل خلجی ، ریشرچ اسکالر نزہت پروین، منیر دیشمکھ، سیدہ خدیجہ، و دیگر مقررین کی تقاریر ہوئی ہیں جس میں بڑے پیمانے پر طلباء اور عوام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مفتی یحییٰ معین، نکہت محمدی، ایڈوکیٹ سید فیض، موتیویشنل اسپیکر ولی رحمانی امید فاونڈیشن ( کلکتہ) ، اشرف محمدی، دانش ریاض ( معیشت میگزین )عبدالصمد، شہاب الدین نیئر، ڈاکٹر ریحان انصاری، شیعب صدیقی ( کاوش فاونڈیشن) ، اواب فقہی، عادل عزیز، اطہر فہیم ( یو ایس اے) کی تقاریر ہونگی۔ اس ایکسپو میں مختلف سیشنس کی نظامت کے فرائض امتیاز خلیل، سفر خان، افروز خان، باسط صدیقی، عبدالوہاب، محمد زید، سید فاروق احمد، شہاب مرزا، دانش ریاض، اشرف محمدی، نے انجاام دیے۔