نئی دہلی (یو این آئی) حج ۔ 2024 کی مقدس حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند لوگوں کو بروقت پاسپورٹ فراہم کرنے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے اشتراک سے پاسپورٹ ہیلپ سینٹر اور ورکشاپ کا آج انعقاد کیا گیا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کی پہل اور خصوصی کوششوں کے نتیجے میں اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے سب سے پہلے پروگرام میں موجود تمام مہمانوں اور حج درخواست گزاروں کا خیرمقدم کیا اور حج 2024 کے مقدس فریضہ حج کی ادائیگی پر جانے اور اس کے لیے اپنی خدمات فراہم کرنے پر سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر مسٹر ابھیشیک دوبے نے پروگرام میں موجود عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ مقدس حج پر جانے والے ایسے تمام عازمین ، جن کے پاس پاسپورٹ نہیں ہیں انہیں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی سفارش پر جلد از جلد اور وقت پر پاسپورٹ فراہم کیے جائیں گے۔.
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم حج 2024 کے سفر کو ہر ممکن حد تک خوشگوار اور آسان بنائیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ عازمین حج کو اس سال مشکل حالات اور مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال حکومت ہند کی اقلیتی امور کی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مختلف قسم کی سہولیات پر مبنی ایک نئی موبائل ایپ لانچ کی جارہی ہے، جس کے ذریعے عازمین جو اپنے ساتھیوں سے بچھڑ جائیں گے ، حج کے دوران ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے عازمین حج ایک دوسرے کے لوکیشن کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے اور اپنے گمشدہ سامان اور ساتھی کی تلاش میں بھی مدد حاصل کر سکیں گے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے دہلی کے عازمین حج کے لیے پاسپورٹ کی بروقت دستیابی کے لیے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لیے حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں اور دیگر اراکین اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کی ستائش کی اور اسے قابل تعریف اور ایک اچھی پہل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرنا چاہیے۔ پروگرام کے آخر میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے رکن محمد سعد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، ممبرمحمد سعد، ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی اور خاص طور پر ریجنل پاسپورٹ آفیسرابھیشیک دوبے اور حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر لیاقت علی آفاقی نے اس پروگرام میں شرکت کی اور علاقائی پاسپورٹ آفس کے دیگر افسران مسٹر پونیت کمار جھا، مسٹر نیرج دہیا اور حج کے لئے درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد اور حج سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے بہت سے لوگوں نے بھی شرکت کی۔