ممبئی، 22 نومبر (یو این آئی ) عرس البلاد ممبئ میں روز بروز فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ کو لیکر مہاراشٹرا کی ریاستی حکومت دبئی کے طرز پر ممبئ میں مصنوعی بارش برسانے پر غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں خلیجی ملک کی ایک کمپنی سے بات چیت جاری ہے یہ اطلاع برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذرائع نے دی ۔
وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے بھی اس سلسلے میں گزشتہ روز کہا کہ اگر آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضروری ہوا تو وہ دبئی کی ایک کمپنی کے ساتھ مل کر مصنوعی بارش کا انتظام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمپنی سے ایک معاہدہ کیاجارہا ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر مصنوعی بارش کا انتظام کیا جائے گا۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہر میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بی ایم سی شہر کے 24 وارڈوں میں روزانہ 584 کلومیٹر سڑک کی صفائی کر رہی ہے۔ بی ایم سی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے خود وزیر اعلیٰ شنڈے اور میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چاہل موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ شندے نے مغربی ایکسپریس وے پر باندرہ کے کلا نگر فلائی اوور سے جوہو تارا روڈ تک صفائی کا معائنہ کیا۔ اس وقت انہوں نے باندرہ مشرقی اور مغرب کے شہریوں سے بات چیت بھی کی
واضح رہے کہ بی ایم سی روزانہ اعلی صبح ممبئی ایکسپریس وے کی پانی سے صفائ کر رہی ہے اور دیگر سڑکوں پر بھی پانی چھڑک کر صفائی مہم چلائی جارہی ہے ۔ ایک ہزار ٹینکر کرایہ پر لے کر ممبئی کو دھونے کا احکامات جاری کئے گئے ہیں فضا میں دھول کے ذرات کو کم کرنے کے لیے چھڑکنے والے، سموگر کا استعمال کیا جارہا ہے ۔وزیراعلی شندے نے تعمیراتی کاموں سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے احکامات بھی جارہی کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے نمٹنے کے لیے ممبئی کے باغوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے۔