جے پور (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کی دور اندیشانہ سوچ کی وجہ سے، ریاستی حکومت نے نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی تقرری کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم پہل کی ہے اور اسی سمت میں ملک کا پہلا کوچنگ ہب جے پور میں تیار کیا جا رہا ہے۔
راجستھان ہاؤسنگ بورڈ کے کمشنر پون اروڑہ کے مطابق ملک کا پہلا کوچنگ ہب جے پور کے پرتاپ نگر میں 65 ہزار مربع میٹر زمین پر منصوبہ بند طریقے سے تیار کیا جا رہا ہے۔ جس سے طلباء کو تمام جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ مسٹر اروڑا نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تقریباً 228 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے اس کوچنگ ہب میں پانچ ادارہ جاتی بلاکس اور 90 تجارتی کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ باؤنڈری وال، اندرونی سڑک وغیرہ جیسے ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔ اب تک 100 کروڑ روپے کے کام مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کا ایک منفرد منصوبہ ہے، جس کے ذریعے ملک اور ریاست کے طلباء کو ایک ہی کیمپس میں تمام تعلیمی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ پارکنگ، ٹریفک جام وغیرہ کے مسئلہ کے علاوہ، یہ جگہ مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے پرسکون ماحول کے ساتھ سازگار جگہ ہوگی۔ یہاں تقریباً 70 ہزار طلباء تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھا کر اپنا کیرئیر بنا سکیں گے۔ یہاں جدید سہولیات کی دستیابی کی وجہ سے کوچنگ سنٹر چلانے والوں کو بھی کوچنگ دینے میں کافی سہولت ملے گی۔