بہ ظاہر پارٹی کے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوچکے اشوک گہلوت آج سونیا گاندھی سے ملیں گے
نئی دہلی(یو این آئی) کانگریس صدر کے انتخاب کے سلسلے میں بدھ کے روز بھی تذبذب برقرار رہا اور پارٹی کے سینئر لیڈر دگ وجئے سنگھ کا نام ممکنہ امیدواروں میں سے ایک کے طور پر سامنے آیا۔ کانگریس صدر کے عہدے کی دوڑ میں پیش پیش رہنے والے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اب اس دوڑ سے اس لیے باہر ہو گئے کیونکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ مسٹر گہلوت جمعرات کے روز دہلی میں عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے۔
دریں اثناء، پارٹی لیڈر دگ وجئے سنگھ، جو ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے کنوینر بھی ہیں، کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ مسٹر دگ وجے سنگھ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی لیڈر سونیا گاندھی اور مسٹر گہلوت کے درمیان ملاقات کا انتظار کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹر دگ وجے سنگھ جمعہ کے روز اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔
کانگریس صدر کے عہدہ کے انتخاب کے لیے 24 ستمبر سے نامزدگی کی تاریخ شروع ہوئی ہے لیکن ابھی تک کوئی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا گیا ہے۔
پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ وہ الیکشن لڑیں گے۔ مگر انہوں نے بھی اب تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا ہے۔
مسٹر گہلوت پارٹی کے اعلیٰ عہدے کے لیے پیش پیش تھے۔ مسٹر گہلوت کے کئی حامیوں نے اتوار کے روز پارٹی کے ایک دوسرے لیڈر سچن پائلٹ کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے دیا اور مطالبہ کیا کہ راجستھان کے اگلے وزیر اعلیٰ کو مسٹر گہلوت کے وفاداروں میں سے ہونا چاہیے۔
کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور نامزدگیوں کی جانچ یکم اکتوبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 8 اکتوبر کی سہ پہر 3 بجے تک واپس لیے جاسکتے ہیں اور اسی دن شام 5 بجے امیدواروں کی پہلی فہرست شائع کی جائے گی، ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں انتخابات 17 اکتوبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 19 اکتوبر کو ہوئی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔