سری نگر(یو این آئی) وادی کشمیر میں عید میلادالنبی(ص) کی تقریب سعید 8اکتوبر کو منعقد ہوگی۔اس سلسلے میں انتظامیہ نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انتظامات کو حتمی شکل دی۔
عید میلاد النبی(ص) کی سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضر ت بل میں منعقد ہوگی۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں زائرین شب خوانی میں شرکت کرنے کی خاطر ہفتے کی صبح سے ہی پہنچنا شروع ہوئے۔ وقف بورڈ نے زائرین کی سہولیات کے لئے بہتر انتظامات کئے ہیں جبکہ آثار شریف درگاہ حضرت بل کے اردگرد زائرین کی سہولیات کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
محکمہ فوڈ کی جانب سے درگاہ حضرت بل میں ایک سٹال میں بھی قائم کیا گیا جہاں پر زائرین کے لئے کھانے پینے کی سہولیات میسر رکھی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز درگاہ حضرت بل میں ہر نماز کے بعد زائرین موئے پاک ﷺکے دیدار سے فیضاب ہونگے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل کے اردگرد سیکورٹی کے بھی پختہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔
دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران آفیسران کو تقریبات کے سلسلے میں ایمبولینس گاڑیوں کے علاوہ پانی ،بجلی ،صفائی ستھرائی ،ٹرانسپورٹ اورپارکنگ کے لئے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
عید میلاد النبی(ص) کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع سطحوں پر بھی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
دریں اثناء جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عید میلاد النبی (ص) کے مقدس موقعہ پر لوگوں کو مبارک بادی دیتے ہوئے کہا کہ امسال بورڈ کی قیادت میں سری نگر میں میلاد جلوس بر آمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ میلاد جلوس ایک روایت کی ابتدا ہوگی۔ موصوفہ نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) کے امن، ہم آہنگی، راست بازی اور روحانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے سامنے آپ (ص) کے ایمان کے حقیقی چہرے کو پیش کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانیت کے لئے امن اور روحانیت کے جشن کا دن ہے اور امن و ہم آہنگی کے پیغمبر (ص) کے صحیح پیغام کو پھیلاتے ہوئے ہمیں اپنے روحانی ماضی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔