نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے خواتین ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور کوچ پر جنسی استحصال کے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی جانچ کے بعد ملزمین کے خلاف ضروری کارروائی کی جانی چاہئے۔محترمہ وڈرا نے ٹویٹ کیاکہ "ہمارے کھلاڑی ملک کا فخر ہیں۔ وہ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں نے ریسلنگ فیڈریشن اور اس کے صدر پر استحصال کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی آواز سنی جائے۔ الزامات کی جانچ ہونی چاہیے اور مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔‘‘
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے بھی اس معاملے پر حکومت پر حملہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ "کلدیپ سینگر، چنمیانند، باپ بیٹا ونود آریہ-پلکت آریہ…. اور اب یہ نیا معاملہ۔ بیٹیوں پر تشدد کرنے والے بی جے پی لیڈروں کی فہرست لامتناہی ہے۔ کیا بیٹی بچاؤ بی جے پی لیڈروں سے بیٹیوں کو بچانے کی وارننگ تھی؟ وزیر اعظم جواب دیں۔”
واضح رہے کہ ملک کی معروف خواتین ریسلرز نے ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور کچھ کوچز پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے اور ان کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔