علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) علی گڑھ میں گزشتہ روز مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا (ایم ایس او) اے ایم یو یونٹ کی جانب سے قدوة الكبری حضرت سلطان مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی کچھوچھوی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقعے پر محفل کا انعقاد کیا گیا۔ قرآن خوانی و نعت خوانی سے محفل کا آغاز ہوا۔ پھر حضرت مولانا محمد احسان الحق جامعی بی یو ایم ایس علی گڑھ کا ایک مفصل و مدلل بیان ہوا، جس میں انہوں نے حضرت مخدوم سمناں کی سوانح حیات اور آپ کی خدمات و تعلیمات پر مفصل و پر مغز گفتگو فرمائی۔ دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ حضرت مخدوم سمناں تاریخ کی ایک عظیم و گراں قدر شخصیت ہے، انہوں نے بادشاہت کو چھوڑ کر فقر و فاقہ و سلوک الی اللہ کو ترجیح دی۔ آپ نے حضرت علاؤ الحق پنڈوی رحمۃ اللہ علیہ سے کسب فیض کیا پھر جونپور، اعظم گڑھ ، کچھوچھہ شریف و دیگر علاقے میں دین اسلام کی شمع جلائی اور شریعت مطہرہ کو زندہ کیا۔ آپ کی بے شمار کرامات ہیں، ان میں کے ایک یہ بھی ہے کہ لا علاج مریض جو ہر جگہ سے مایوس ہو جاتے ہیں وہاں آکر بہت جلد شفایاب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتاتے ہوئے فرمایا کہ حضرت مخدوم سمناں ایک عظیم علمی شخصت کے مالک ہیں۔ آپ نے کثیر کتابیں تصنیف فرمائی، قرآن پاک کا ترجمہ و تفسیر کیا، رسالہ قبریہ لکھا۔ آپ کی نادر تصنیفات میں سے لطائف اشرفی بالخصوص قابل ذکر ہے۔ اس کے علاوہ آپ نے اور بھی کتب تصنیف فرمائیں۔ ڈاکٹر عاطف صاحب نے نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی پھر صلواۃ و سلام کے بعد فاتحہ و دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقعے پر مولانا عبد الماجد صاحب، قاری کیف صاحب، ذیشان احمد کریمی صاحب کے علاوہ ایم ایس او کے صدر و دیگر اراکین کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں طلبا، اساتذہ و اسٹاف موجود تھے۔