نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کیب ڈرائیوروں اور ڈیلیوری ایجنٹس سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے روبرو ہوئے اور کہا کہ جب انڈیا گروپ اقتدار میں آئے گا تو ان کارکنوں کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
مسٹر گاندھی نے ڈرائیور سنیل اپادھیائے سے ملاقات کی اور کیب ڈرائیوروں اور ڈیلیوری ایجنٹس کے مسائل کے بارے میں جانا اور کہا کہ ان کے پاس نہ کوئی مالی بچت ہے اور نہ ہی مستقبل کے لیے کوئی بنیاد۔ انڈیا اتحاد ساتھ مل کر ان کے معاشی اور سماجی انصاف کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے کہا، "آمدنی کم اور مہنگائی سے نکلتا دم- یہ ہے ہندوستان کے گگ ورکرز کی حالت۔ سنیل اپادھیائے جی کے ساتھ اوبر کی سواری کے دوران بات چیت اور پھر ان کے خاندان سے مل کر ملک کے کیب کے ڈرائیوروں اور ڈیلیوری ایجنٹس جیسے گگ ورکرز کا ’ہینڈ ٹو ماؤتھ ان کم‘ میں گزارا تنگی سے ہورہا ہے اوران کی کہیں کوئی بچت نہیں ہے اور نہ ان کے خاندان کے مستقبل کی کوئی بنیاد ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کانگریس کی ریاستی حکومتیں ٹھوس پالیسیاں بنا کر انصاف کریں گی – اور انڈیا گروپ اس کی ملک گیر توسیع کو یقینی بنائے گا۔