بھوپال(ایجنسیاں) :مدھیہ پردیش میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا جاری ہے۔ پدیاترا میں کافی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ پد یاترا میں شامل ہو رہے ہیں۔ راہل گاندھی کو آج بھارت جوڑو یاترا کے دوران بلٹ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آگئی ہیں۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلٹ موٹر سائیکل چلاتے وقت راہل گاندھی سر پر ہیلمٹ پہنے ہوئے ہیں اور سیکورٹی اہلکار لوگوں کو راستے سے ہٹا رہے ہیں۔مدھیہ پردیش کے مہو میں راہل گاندھی کو موٹر سائیکل کی سواری کرتے دیکھ سڑک کے دونوں طرف ایک بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔ راہل گاندھی نے جرمن شیفرڈ مارول کے ساتھ آئے دو نوجوانوں کی بلٹ موٹر سائیکل کی سواری کی۔ جرمن شیفرڈ مارول لانے والے دونوں نوجوان پد یاترا میں شامل ہو گئے ہیں۔ نوجوانوں نے راہل گاندھی کے ساتھ جانوروں کی بہبود پر تبادلہ خیال کیا۔ دو نوجوانوں میں سے ایک گوالیار کے سیول انجینئر رجت پراشر ہے، جو آوارہ کتوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔رجت پراشر نے راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ کافی دنوں سے راہل گاندھی سے ملنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن ملاقات نہیں ہو پا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد ان کے بارے میں ان کی سوچ بدل گئی ہے۔ رجت پراشر نے بتایا کہ راہول گاندھی نے اپنے لوگوں سے کہا کہ وہ پدایاترا کے دوران جرمن شیفرڈ مارول کے لیے خصوصی کھانے کا انتظام کریں۔ پاراشر نے کہا کہ مارول کو اس طرح کے دوروں کے لیے تربیت دی گئی ہے۔ وہ کشمیر سے کنیا کماری تک کا سفر کر چکا ہے۔