گروگرام کی حالت ابتر،نوئیڈا،غازی آباد اور فرید آباد میں سڑکیں زیرآب
نئی دہلی( ایجنسیاں):مانسون کی بارش نے ہندوستان کی کئی ریاستوں میں معمولات زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں 22 ستمبر کو ایسی بارش ہوئی کہ لوگوں کے لیے گھر سے دفتر پہنچنا یا کسی کام سے باہر نکلنا مشکل امر ثابت ہوا۔ دہلی-این سی آر میں بدھ کے روز بھلے ہی ہلکی بوندا باندی ہوئی تھی، لیکن جمعرات کو دن بھر ہوئی بارش نے لوگوں کو بے حال کر دیا۔قومی آواز کی خبر کے مطابق گروگرام میں نیا اور پرانا دونوں شہرغرقاب ہو گیا۔ شہر کا کوئی حصہ آبی جماؤ سے نہیں بچ سکا۔ نوئیڈا، غازی آباد اور فرید آباد میں سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے گھنٹوں ٹریفک جام کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ حالات جمعہ کو بھی برقرار رہنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
اتر پردیش کی حالت پہلے سے ہی دگرگوں ہے اور جمعرات کے روز ہوئی بارش نے انتظامیہ کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ ایک طرف لوگ آبی جماؤ اور ٹریفک جام سے پریشان دکھائی دیے، اور دوسری طرف انتظامیہ کے اہلکار کئی مقامات پر محنت و مشقت کرتے دکھائی پڑے۔ بیشتر مقامات پر تو حالات اللہ بھروسے چھوڑ دیا گیا معلوم پڑتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لکھنؤ میں 23 ستمبر کو بھی زوردار بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی اتر پردیش میں 25 ستمبر تک روزانہ تیز بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ حالانکہ شمالی اتر پردیش میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ کی معمولات زندگی بھی پہلے سے ہی متاثر دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں حالات قدرے بہتر ضرور ہوئے، لیکن 25 ستمبر تک اس پہاڑی ریاست میں بھی روزانہ بارش ہونے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ اس دوران بادل گرجنے کے واقعات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
مدھیہ پردیش کی بات کی جائے تو 22 ستمبر کو محکمہ موسمیات نے جو ڈیلی رپورٹ جاری کی ہے اس کے مطابق ریاست کے 16 اضلاع میں ایک بار پھر بھاری بارش کا امکان ہے۔ ایسا اس لیے بتایا جا رہا ہے کیونکہ خلیج بنگال اور اڈیشہ کے ساحل پر ایک گردابی ہواؤں کا علاقہ بنا ہوا ہے جو چھتیس گڑھ کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ مانسون کی ٹرف لائن مدھیہ پردیش سے گزر رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی اتر پردیش پر بھی سرکولیشن ہے۔ بھوپال میں جمعرات کی صبح سے ہی آسمان میں بادلوں کا گھیرا دکھائی دیا تھا جس کے بعد بارش بھی دیکھنے کو ملی۔ اب آنے والے 24 گھنٹوں کے لیے بھی محکمہ موسمیات نے مدھیہ پردیش کے تقریباً 16 اضلاع میں زوردار بارش کا یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دیگر ریاستوں کی بات کی جائے تو ہریانہ، چنڈی گڑھ، مشرقی راجستھان وغیرہ میں 23 ستمبر کو ہلکی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اروناچل پردیش میں 23 اور 24 ستمبر کے درمیان بارش ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جب کہ آسام اور میگھالیہ میں 23 ستمبر کو درمیانے درجہ کی بارش ہو سکتی ہے۔