رامپور ۔ ( ذیشان مراد علیگ ) تقریباً 30 سال بعد کانگریس پارٹی میں واپسی کرنے والے معین حسن خاں پٹھان کو پارٹی نے اہم ذمہ داری سونپی ہے ۔ انہیں اترپردیش کانگریس اقلیتی سیل کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا ہے ۔
معین حسن خاں پٹھان نے گزشتہ دنوں سماجوادی پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اپنی تنظیم لوہیا وچار منچ کا کانگریس میں انضمام کر دیا تھا ۔ انہیں کانگریس کے اعلی لیڈران کی موجودگی میں صوبائی معاون انچارج پردیپ نروال نے لکھنؤ میں کانگریس کی رکنیت دلائی تھی ۔ اب ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے صوبائی کانگریس اقلیتی سیل کے جنرل سیکریٹری کی ذمہ داری سپرد کی گئی ہے ۔ کانگریس اقلیتی سیل اترپردیش کے چیئرمین شاہنواز عالم نے مکتوب جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کے تعلق سے آپ کے لگاؤ اور اقلیتی طبقے کے لوگوں کے مسائل کے حل کی سمت میں آپ کی کوششوں کے پیش نظر آپ کو اترپردیش کانگریس اقلیتی سیل کا جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے ۔ شاہنواز عالم نے توقع ظاہر کی ہے کہ معین حسن خاں پٹھان صوبے میں تنظیم کو مضبوط کرنے کے ساتھ ہی اقلیتی طبقے کے لوگوں کو کانگریس سے جوڑ کر پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے ، اقلیتی سیل کے قومی چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی اور کانگریس کے صوبائی صدر برج لال کھابری کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے ۔