چترکوٹ:(یواین آئی) اترپردیش کی کیرانہ اسمبلی سیٹ سے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے ایم ایل اے ناہید حسن کو گینگسٹر ایکٹ کے ایک معاملے میں عدالت سے ضمانت مل گئی۔ جس کے بعد انہیں ہفتہ کی صبح جیل سے رہا کردیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ ایس پی ایم ایل اے اور ان کی والدہ سابق ایم پی تبسم حسن سمیت 40افراد کے خلاف 21فروری سال 2021کو گینگسٹر ایکٹ کے معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جہاں اسمبلی الیکشن سے پہلے 15جنوری کو انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں ایم پی۔ ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں مظفر نگر جیل بھیج دیا گیاتھا۔
ناہید کے وکیل نے ہائی کورٹ میں اس کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔ اس درمیان 28ستمبر 2022 کو انہیں مظفر نگر ضلع جیل سے چترکوٹ ضلع جیل منتقل کردیا گیا تھا اور اب ایس پی ایم ایل اے کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد آج جیل سے رہائی مل گئی۔