ممبئی (یو این آئی) ارب پتی مکیش امبانی کی تیل، ٹیلی کام، ریٹیل سمیت مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے والی اہم کمپنی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ نے رواں مالی سال کی ستمبر میں ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی میں 17394 کروڑ روپے کا مجموعی منافع کمایا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13656 کروڑ روپے کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد سہ ماہی نتائج جاری کرتے ہوئے مسٹر امبانی نے کہا کہ منافع میں یہ اضافہ تمام شعبوں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سہ ماہی میں کمپنی کی کل آمدنی 234956 کروڑ روپے رہی ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 232217 کروڑ روپے تھی۔انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کے کاروبار میں زبردست رفتار آئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فیشن، لائف اسٹائل، گروسری اور ای کامرس کے کاروبار میں بھی تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔
مسٹر امبانی نے کہا کہ اس سہ ماہی میں ریلائنس جیو کا منافع 12 فیصد بڑھ کر 5297 کروڑ روپے رہا ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں یہ رقم 4729 کروڑ روپے تھی۔ جیو کا گروس ریونیو 31537 کروڑ روپے رہا ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 10.6 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سہ ماہی میں کمپنی نے کل 38815 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس میں سے زیادہ تر سرمایہ کاری 5جی رول آؤٹ پر کی گئی ہے۔مسٹرامبانی نے کہا کہ ریلائنس ریٹیل کی کارکردگی بھی بہتر رہی ہے۔ کمپنی کی مجموعی آمدنی 77148 کروڑ روپے اور منافع 2790 کروڑ روپے رہا ہے۔