پٹنہ، 19 ستمبر (یواین آئی) بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے آج سے رکنیت سازی مہم شروع کر دی۔اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی پرساد یادو نے جمعرات کو یہاں پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں اور ان کے والد اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے دہلی میں رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا۔ تیجسوی نے پٹنہ میں پارٹی کی رکنیت لی، تو وہیں آر جے ڈی صدر نے دہلی میں۔
قائد حزب اختلاف نے رکنیت لینے کے بعد پارٹی کے کئی دیگر رہنماؤں کو بھی رکنیت دلائی۔ اس کے بعد پریس کانفرنس میں نوادہ واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نے کل اس پر ٹویٹ کیا اور وزیر اعظم کو بھی ٹیگ کیا۔ ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ وزیر اعلیٰ کے منہ سے الفاظ نہیں نکلتے۔ افسران وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو گھیر کر رکھتے ہیں۔ وہ بولنا چاہیں تو بھی کچھ بولنے نہیں دیں گے۔
مسٹرتیجسوی یادو نے مرکزی وزیر اور ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) کے قومی سرپرست جیتن رام مانجھی کے اٹھائے گئے سوال پرکہا کہ مسٹرمانجھی جی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے اسکول میں پڑھے ہیں۔ جو لکھ کر دیتا ہے وہی پڑھتے ہیں۔ بہار پولیس نے ان لوگوں کے ناموں کے ساتھ ایک فہرست جاری کی ہے۔ مسٹر مانجھی جی کچھ کہہ رہے ہیں، ان کی پولیس نے فہرست کچھ جاری کی ہے۔ انہوں نے راؤس ایونیو کورٹ کے مسٹر لالو یادو، مسٹر تیج پرتاپ یادو اور ان کو بھیجے گئے سمن کو روٹین ورک بتایا۔