مندر کے درشن کے لیے عقیدت مندوں کو لے جانے والی گاڑی تالاب میں جا گری،وزیر اعلیٰ کا حادثہ پر اظہارغم
کانپور(یو این آئی/ایجنسیاں) اتر پردیش کے ضلع کانپورمیں ہفتہ کو دیر شام مندر کے درشن کے لیے عقیدت مندوں کو لے جانے والی ایک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے تالاب میں گر گئی۔پولیس نے اس حادثہ میں 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ کانپور کے تھانہ ساڑھ کے تحت عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر تالاب میں الٹ گئی۔ حادثے میں 27 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع مجسٹریٹ اور دیگر سینئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام کرنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
واقعے کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ کانپور کے ساڑھ تھانہ علاقے کے کورتھا گاؤں کے عقیدت مند ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے فتح پور ضلع کے چندریکا دیوی مندر گئے تھے۔ ٹرالی میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ مندر میں دیوی کا درشن کرکے واپس آتے ہوئے ساڑھ اورگمبھیر پور گاؤں کے درمیان سڑک کے کنارے ایک تالاب میں ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ تمام عقیدت مند ٹرالی کے نیچے دب گئے۔ چیخ و پکار سن کر موقع پر پہنچے گاؤں والوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے گاؤں والوں کی مدد سے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکال کر فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے 25 کو مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ دیگر کئی عقیدت مند شدید زخمی ہو گئے۔ شدید زخمیوں کوکانپور کے ایک اسپتال میں ریفر کردیا گیا۔
موقع پر پہنچے پولیس سپرنٹنڈنٹ (بیرونی علاقہ) تیج سوروپ سنگھ نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہونے کی وجہ سے تالاب میں الٹ گئی۔ اطلاع ملتے ہی تمام زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
دریں اثنا، ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ لکھنؤ میں وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یوگی نے سوگوار خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے لئےسلامتی کی خواہش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے مہلوکین کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت دی ہے۔ یوگی نے ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچاکر مناسب علاج کرانے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔وزیر اعلی کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ یوگی خود اس حادثے میں راحت اور بچاؤ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے وزراء راکیش سچان اور اجیت پال کو جائے حادثہ کا دورہ کرکے امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔