نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈسک): آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے جمعہ کے روز ہفتہ کے روز دہلی میں درگاہ حضرت نظام الدین پر حاضری لگائی۔ انہوں نے درگاہ پر چادر پوشی اور گل پوشی کی۔ قومی ٓواز ڈاٹ کام نے یہ خبر دیتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر اندریش کمار نے اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئے تاکہ شکر وار یعنی جمعہ کو پتھروار یعنی پتھربازی کرنے والا دن بنانے سے روکا جا سکے۔
اندریش کمار نے کہا کہ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دیوالی کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ اس سے ہر گھر میں خوشی اور خوشحالی آتی ہے۔ یہ تہوار تمام مذہبی اختلافات، صوبوں کے اختلافات کو مٹا دیتا ہے۔ ہندوستان یاتریوں، تہواروں اور میلوں کی سرزمین ہے۔ سب غریبوں کو روٹی دیتے ہیں اور آپس میں بھائی چارہ بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تہوار ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم تعصب، بغض، نفرت، فساد، جنگ نہیں چاہتے۔ ہم امن، ہم آہنگی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی جبری تبدیلی مذہب نہیں کرنی چاہئے اور تشدد سے باز رہنا چاہئے۔ سب کو اپنے اپنے مذہب اور ذات کی پیروی کرنی چاہیے۔ دوسرے کے مذہب پر تنقید اور توہین نہ کریں۔ جب ملک میں تمام مذاہب کا احترام کیا جائے گا تو ملک ان بنیاد پرستوں سے آزاد ہو جائے گا جو جمعہ کے دن پتھراؤ کرتے ہیں۔ ہندوستان واحد ملک ہے جو تمام مذاہب کا احترام اور قبول کرتا ہے۔
خیال رہے کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت 22 ستمبر کو دہلی کی ایک مسجد گئے تھے۔ یہاں انہوں نے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام ڈاکٹر امام عمر احمد الیاسی سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بارے میں ڈاکٹر الیاسی نے کہا تھا کہ موہن بھاگوت ان کی دعوت پر وہاں پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا طریقہ عبادت مختلف ہو سکتا ہے لیکن انسانیت سب سے بڑا مذہب ہے۔ اس ملاقات کے دوران گوپال کرشنا اور آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار بھی موجود تھے۔