لکھنؤ:یکم اکتوبر(یواین آئی) گورکھپور میں پرائیویٹ شعبے کی پہلی یونیورسٹی مہا یوگی گورکھناتھ یونیورسٹی آروگیہ دھام کے میڈیکل کالج گورکھناتھ میڈیکل کالج اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کو نیشنل میڈیکل کمیشن سے اب ایم بی بی ایس نصاب کے لئے 100سیٹوں کی منظوری مل گئی ہے۔
اس سے قبل نیشنل میڈیکل کمیشن(این ایم سی) نے 50سیٹوں کی منظوری دی تھی اور نیٹ اسٹیٹ کوٹا کاونسلنگ میں اب تک ان سبھی سیٹوں پر داخلہ ہوچکا ہے۔ گورکھناتھ میڈیکل کالج اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی اپیل پر جانچ کے بعد این ایم سی نے اب ایم بی بی ایس کی منظوری بڑھا کر 100سیٹوں کے لئے کردیا ہے۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اروند کشواہا نے بتایا کہ جلد ہی اضافہ شدہ 50سیٹوں پر بھی داخلے کا عمل نیٹ کاونسلنگ کے ذریعہ شروع ہوجائے گی۔مہایوگی گورکھناتھ یونیورسٹی کی طرف سے کی گئی اپیل کی جانچ کرتے ہوئے، این ایم سی نے پایا کہ 100 ایم بی بی ایس نشستوں کے لیے درکار 420 بستروں کے ہسپتال کے مقابلے میں 450 بستروں کا ہسپتال آپریشن میں ہے۔ اس کے علاوہ دیگر تمام ضروری انفراسٹرکچر، فیکلٹی بھی معیار کے مطابق ہیں۔
اس کے پیش نظر، اپیل 30 ستمبر کو اس حکم کے ساتھ نمٹا دی گئی کہ شری گورکشناتھ میڈیکل کالج ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر کو سیشن 2024-25 کے لیے ایم بی بی ایس کی 100 نشستیں فراہم کی جاتی ہیں۔