سلطان پور(یو این آئی) ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے بدھ کے روز عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ، سماج وادی پارٹی کے سابق ایم ایل اے انوپ سنڈا اور دیگر چار لیڈروں کو تین ماہ قید اور 1500 روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ایم پی/ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے یہ سزا 21 سال قبل 2001 میں بجلی کی کٹوتی کے خلاف احتجاج کے دوران مین روڈ بلاک کرکے محکمہ کے افسران کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے معاملے میں سنائی ہے۔استغاثہ نے بدھ کے روز یہاں بتایا کہ سلطان پور کی دیوانی عدالت کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ کے جج یوگیش کمار یادو نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ، سماج وادی پارٹی کے سابق ایم ایل اے انوپ سنڈا، بی جے پی لیڈر سبھاش چودھری، نامزد کونسلر وجے کمار، کانگریس لیڈر کمل سریواستو سنتوش کمار کو تعزیرات ہند کی دفعہ 143 کے تحت قصوروار ٹھہرایا ۔
راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کو تین ماہ قید اور 1000 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ دوسرے کیس میں ایک ماہ قید اور 500 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 10 دن قید کی سزا جھیلنی ہو گی۔ سزا سنانے کے دوران راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
عدالت میں موجود راجیہ سبھا ایم پی نے احتجاج کے لیے بی جے پی حکومت کی بدانتظامی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔