ڈھاکہ: کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی معائنہ ٹیم نے حال ہی میں بنگلہ دیش میں روہنگیا کے پناہ گزینوں کے لیے بننے والے رہائشی یونٹس کا جائزہ لیا۔ روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے تعمیر کیے جانے والے ہاؤسنگ یونٹس میں 410 میں سے 300 رہائشی یونٹس کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ اور بقیہ رہائشی یونٹس کی جلد از جلد تعمیر کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کی خبرکے مطابق سعودی امدادی ادارہ کنگ سلمان ایجنسی کے نائب سربراہ برائے منصوبہ بندی وترقی، عقیل الغامدی کا کہنا تھا کہ کیمپوں میں تباہ کن آگ سے متاثر ہونے والے پناہ گزینوں کے لیے پناہ گاہ فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کل 410 ہاؤسنگ یونٹس میں سے 300 مکمل تعمیر کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 110 رہئشی یونٹس بھی جلد تعمیر کر لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پچھلے سال روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے کاکس بازار میں 500 خیمے بھیجے تھے۔ جن میں 590 روہنگیا خاندانوں کے 3,000 افرادنے رہائش اختیار کی تھی۔کنگ سلمان ریلیف کی ٹیم نے معائنہ کے دوران کاکس بازار میں واقع اوکیا سپیشلائزڈ ہسپتال اور صدر ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور بھجوائے گئے طبی سامان کا بھی جائزہ لیا۔