دو ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ،لاکھوں گھر بجلی سے محروم،آمد ورفت میں بڑے پیمانے پر خلل
واشنگٹن(ایجنسیاں):امریکہ کرسمس کی تعطیلات کے آغاز پر ایک بڑے برفانی طوفان کا سامنا کر رہا ہے ۔ موسم کی شدت کے باعث جمعرات کو دو ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ جب کہ امریکہ اور کینیڈا میں لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔یو ایس نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ موسم سرما کا تاریخی طوفان اختتام ہفتہ ملک کے بڑے حصوں میں آمد ورفت میں بڑے پیمانے پر خلل ڈال رہا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کے روز عوام کو شدید طوفان کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنے علاقے سے متعلق جاری ہونے والے اعلانات اور ہدایات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔قطبی علاقے آرکٹک سے شروع ہونے والے اس یخ بستہ طوفان نے امریکہ اور کینیڈا کے زیادہ تر علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ موسم پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے نے بتایا ہے کہ سرد طوفان کی وجہ سے 33 کروڑ آبادی کے اس ملک میں 20 کروڑ سے زیادہ افراد شدید یا درمیانی شدت کے طوفان کا سامنا کر رہے ہیں یا یخ بستہ ہوائیں ان کے علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موجودہ موسم میں شدید سردی سے متعلق اب تک جتنے انتباہ ، وارننگز اور ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ خود ایک ریکارڈ ہیں۔نیشنل ویدر سروس نے جمعرات کی شام بتایا کہ برفانی طوفان ملک کے وسط مغربی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور تیز سرد ہواؤں کی وجہ سے وہاں درجہ حرارت تیزی سے گر رہا ہے۔
جمعے کے روز دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل گھٹ رہا ہے ، جو امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو صفر سے 23 درجے فارن ہائیٹ نیچے تک جا سکتا ہے۔ اگلے دو روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی صفر سے کم رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔نیشنل ویدر سروس کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں آئندہ دو روز کے دوران درجہ حرارت منفی 45 سے منفی 70 تک گر سکتا ہے۔