سری نگر(یو این آئی) سری نگر کے تاریخی لال چوک میں اتوار کی شام لوگوں کے ایک جم غفیر نے سال نو کے آمد کے پیش نظر جشن منایا۔جشن کے پیش نظر لالچوک اور گردنواح میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔
جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے گھنٹہ گھر کے نزدیک نئے سال کا جشن منایا گیا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔نامہ نگار نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے اتوار کی شام گھنٹہ گھر لالچوک میں نئے سال کی آمد پر جشن کا پروگرام رکھا گیا جس میں مقامی فنکاروں اور موسیقی کاروں کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اتوار شام چھ بجے کے قریب جوں ہی پروگرام شروع ہوا تو دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھنٹہ گھر کے نزدیک جمع ہوئے ۔ لوگوں کی بھیڑ کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ گھنٹہ گھر کے اردگرد تل دھرنے کی بھی جگہ موجود نہیں تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی فنکاروں اور موسیقی کاروں نے اپنے ہنر کے جوہر دکھا کر سامعین کی داد حاصل کی۔اس پروگرام میں نوجوانوں اور دوشیزاوں نے بھی شرکت کی اور نئے سال کا جشن منایا ۔پروگرام میں شریک غیر مقامی سیاحوں نے بتایا :’کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے اور رات کے وقت سری نگر الگ رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔“
بنگال سے آئی ہوئی خاتون سیاح رادھا کماری نے بتایا کہ لالچوک سری نگر میں نئے سال کا جشن منانا واقعی میں ایک انوکھی تجربہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے پورے ملک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پیغام جائے گا کہ کشمیر کے حالات واقعی میں پوری طرح سے معمول پر آگئے ہیں۔خاتون سیاح کے مطابق کشمیر کے فنکاروں اور موسیقی کاروں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سارے جواں سال مقامی موسیقی کاروں نے جس طرح سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اس کی نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے ملک کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی سیر وتفریح پر ضرور آئیں کیونکہ یہ خط واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔
دریں اثنا لالچوک اور گھنٹہ گھر میں لوگوں کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔لالچوک چوک، ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ، گھنٹہ گھر ، بڈ شاہ چوک اور ایم اے روڈ پر جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی اور کسی کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔