اندور: مدھیہ پردیش کا مشہور و معروف ادارہ ‘طیبہ کالج آف انٹیگریٹڈ اسٹڈیز، اندور’ کے طلبہ نے ایم پی بورڈ کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں اپنے ابتدائی دور 2018 سے لے کر اب تک مسلسل سو فیصد کامیابی درج کی ہے۔ اس بار تمام طلبہ نے 72 فیصد سے زیادہ نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ بارہویں کلاس میں 12 میں سے 9 طلبہ ڈسٹنکشن کے ساتھ جب کہ 3 طلبہ فرسٹ ڈویژن کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ ذیشان رضا 91، تنویر احمد 90، سید دردان 90 اور محمد عارش نے 85 فیصد کے ساتھ ترتیب وار پہلا، دوسرا، تیسرا اور چوتھا مقام حاصل کیا۔ دسویں کلاس میں کل 5 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی، جن میں عبد الرحیم 90.4، مصطفیٰ رضا 88 اور عسجد رضا نے 86 فیصد کے ساتھ بالترتيب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔ اس عظیم کامیابی سے طیبہ کالج کے اساتذہ، طلبہ، انتظامیہ اور تمام بچوں کے والدین اور رشتے دار بہت خوش ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکبادیاں پیش کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 2018 سے لے کر اب تک اسکولوں اور کالجوں کے بورڈ امتحانات میں طیبہ کالج کے طلبہ نے حیران کن صد فیصد کامیابی درج کی ہے۔ یہ ادارہ ایم پی کی سر زمین پر دینی اور عصری تعلیم کا حسین سنگم ہونے کی حیثیت سے ایک منفرد پہچان رکھتا ہے، اس ادارے میں بیک وقت ایک ہی چھتری کے نیچے عصریات میں گریجویشن کرنے کے ساتھ ساتھ دینیات میں مدارس اسلامیہ کے نصاب کے مطابق ابتدائی کتابوں سے لے کر منتہی کتابوں تک کی تعلیم بالکل مفت دی جاتی ہے۔ یہ ادارہ اپنے ابتدائی دور سے ہی اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ طلبہ کو زمانے سے ہم آہنگ کرکے ان کے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا کی جائیں، جن سے وہ عہد جدید کے تقاضوں کے مطابق کھرے اتر سکیں، مختلف شعبوں میں قوم و ملت کی نمائندگی کرنے کے قابل ہوں، مدارس میں پڑھانے اور مساجد میں امامت و خطابت کی ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ ساتھ جدید عصری تعلیم گاہوں میں تدریسی فرائض انجام دینے کے لائق ہوں۔